ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بھٹکل تعلقہ میں بجلی کی بدانتظامی۔۔۔شکایات کے باوجودہیسکام کی طرف سے عوام کو راحت نہیں

بھٹکل تعلقہ میں بجلی کی بدانتظامی۔۔۔شکایات کے باوجودہیسکام کی طرف سے عوام کو راحت نہیں

Sun, 29 May 2016 21:11:42  SO Admin   so news

بھٹکل29؍مارچ (ایس او نیوز) ایک طرف شدید گرمی اور دوسری طرف بارش کے موسم کی آمد آمد ہے۔ ایسے میں بھٹکل تعلقہ میں بجلی سپلائی کا جو نظام بگڑتا جارہاہے اس کو دیکھتے ہوئے عوام پریشان ہیں کہ اس کا کبھی کوئی حل بھی نکلے گا یا نہیں۔دھوپ ہو کہ بارش ، موسم خوشگوار ہویا تیز ہوائیں اور بادلوں کی گھن گرج دیکھتے ہی دیکھتے بجلی کا چلے جانا معمول بن گیا ہے۔ اب شہر اور دیہات کے لوگ اس بات کو لے کر فکر مند ہیں کہ بارش شروع ہوتے ہی یہاں بجلی کی فراہمی نہ معلوم کس طرح مسائل کاشکار ہوجائے گی اور عوام کو کتنی تکلیف برداشت کرنی ہوگی۔یہ وقت بے وقت بجلی کا کٹنا اس کے علاوہ ہوتا ہے جس میں مرمت اور درستی کے نام پر ہفتے میں دو دن صبح دس بجے سے شام پانچ چھ بجے تک پورے شہر کی بجلی کاٹ دی جاتی ہے۔
ہیسکام کا کمال: ہیسکام والوں کا کمال تو یہ ہے کہ بجلی چاہے بے قاعدگی سے فراہم کی جاتی ہواور عوام کو کتنے ہی مصائب کا سامنا کیوں نہ کرنا پڑتا ہو، مگر بجلی کا بل باقاعدگی سے وصول کرنا اور اکثر و بیشتر حساب سے زیادہ بل روانہ کرنا، اور بل بھرنے میں ذرا تاخیر ہوتے ہی کنکشن کاٹ دینا اس میں کوئی کوتاہی نہیں کی جاتی ہے۔اہم بات یہ ہے کہ بجلی کی اس بے قاعدگی کے سلسلے میں سماجی اداروں اور تنظیم وغیرہ نے اس سے قبل بارہا ہیسکام کے ذمہ داران سے بات چیت کی ہے۔ میمورنڈم دئے گئے ہیں، لیکن بجلی ڈپارٹمنٹ اس کا کوئی مثبت جواب دینے اور معاملہ درست کرنے میں ہمیشہ ناکام رہا ہے۔بلکہ ان کے کانوں پر جوں بھی نہیں رینگتی!
مجلس اصلاح و تنظیم کے جنرل سکریٹری کے مطابق بھٹکل میں 110 kvبجلی کا مرکز قائم کرنے کے لئے تنظیم کی طرف سے ایم ایل اے کو میمورنڈم دیا گیا ہے۔ امید ہے کہ اس کے بعد شاید حالات میں کچھ سدھار آجائے۔لیکن ہیسکام والے بجلی کی فراہمی اور لائنوں کے رکھ رکھاؤ کے معاملے میں سنجیدگی سے توجہ نہیں دے رہے ہیں۔اس وجہ سے زیادہ مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
کیا انورٹر کمپنیوں سے ساز باز ہے ؟: دوسری طرف بھٹکل کے ایک کاروباری ثناء اللہ گوائی نے ہیسکام کے افسران پر شک ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ کہیں ان لوگوں کی کسی انورٹر کمپنی سے ساز باز تو نہیں ہے۔ کیونکہ کسی نئے گھر کی تعمیر ہوتے ہی اس کے اوپننگ سے پہلے ہی انورٹر کمپنی والے پہنچ جاتے ہیں اور انورٹر خریدنے کے لئے دباؤ بنانے لگتے ہیں۔اس کے لئے انہوں نے اپنے گھر کے افتتاح کے وقت پیش آنے والے واقعے کی ہی مثال دی۔انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ کسی ایک عمارت کو بجلی کا کنکشن دینا ہوتا ہے تو پھر پوری کالونی کی لائن کاٹ دی جاتی ہے۔ آخر اس کی کیا ضرورت ہے؟ایسا لگتا ہے کہ انہیں کوئی پوچھنے اور ٹوکنے والا نہیں ہے اس لئے ہیسکام والے اپنی من مانی اور بے پروائی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
ہیسکام انجینئر کیا کہتے ہیں: بجلی کی فراہمی میں درپیش مسائل کے بارے میں ہیسکام کے انجینئر منجو ناتھ کے جی کا کہنا ہے کہ کمٹہ میں بجلی فراہمی کا جو مرکز ہے اس کا 110kvسب سنٹر مرڈیشور میں ہے۔وہاں سے شیرالی اور اس کے اطراف تک بجلی سپلائی کی جاتی ہے۔ بھٹکل کے 33kvسنٹر سے شہر اور وینکٹاپور کے اطراف تک بجلی سپلائی کی جاتی ہے۔بالفرض اگر کمٹہ مین لائن سے بجلی کٹ جاتی ہے تو پورے بھٹکل اور اطراف میں اندھیرا چھا جاتا ہے۔ کیونکہ اور کسی دوسرے راستے سے بجلی فراہم کرنے کے لئے لائن موجود نہیں ہے۔ہفتے میں دو دن بجلی کاٹنے کے سلسلے میں انہوں نے کہا کہ بجلی کی لائنوں پر رکاوٹ بننے والے درختوں کی شاخیں کاٹنا، لائنوں کو درست کرنا اور نئے تار جوڑنا وغیرہ بہت اہم ہوتا ہے، اس لئے ہفتے میں دو دن بجلی کاٹی جاتی ہے۔ اس ضمن میں 90%کام مکمل ہوچکا ہے۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے یقین دلایا کہ فی الحال بجلی کاٹنے سے لوگوں کو جو تکلیف ہورہی ہے ، وہ آئندہ دنوں میں ہونے کا سوال ہی نہیں اٹھتا۔
بھٹکل میں 110kvسنٹر کی شدید ضرورت ہے: مسٹر منجوناتھ نے کہا کہ بھٹکل میں 110kvسنٹر قائم کرنے کی تجویز سال 2010سے زیر غور ہے۔مگر اس پر ابھی تک عمل درآمد نہیں ہوا ہے۔ اگر یہ سنٹر یہاں قائم ہوجاتا ہے تو پھر بھٹکل میں بجلی فراہمی اور اس میں ہونے والے مسائل کا خاتمہ ہوجائے گا۔بارش اور طوفان کے موقع پر بجلی کاٹ دینے کے متعلق انہوں نے بتایا کہ یہ احتیاط کے طور پر کیا جاتا ہے۔ ورنہ تیز ہواؤں کی وجہ سے بجلی کے تار ایک دودسرے کو چھوجانے سے مشکلات پیدا ہونے کا خطرہ رہتا ہے۔110kvکا انتظام ہونے تک ہیبلے کے سنٹر میں نیا ٹرانسفارمر لگائے جانے سے آئندہ بجلی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر اس ضمن میں کوئی مسئلہ ہوتو ان سے رابطہ قائم کیا جائے۔ بجلی فراہمی کی ذمہ دار کارپوریشن ہیسکام کے نئے نامزد صدر منجو ناتھ نائک نے یقین دلایا ہے کہ ہیسکام کے ساتھ بھٹکل کے بجلی کے مسائل پر گفتگو کی جائے گی اور یہاں باقاعدگی سے بجلی فراہم کرنے کے سلسلے میں اقدامات کیے جائیں گے۔


Share: